14 مارچ ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے صحافیوں کو انتہا پسند عناصر سے خطرات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے قومی میڈیا پالیسی تشکیل دینے کی سفارش کی ہے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔کمیٹی کے اجلاسوں میں جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر سمیت دیگر صحافی پیش ہوئے جن کے اٹھائے گئے نکات رپورٹ میں شامل ہیں۔ کمیٹی نے میڈیا کے تحفظ سے متعلق قومی اسمبلی کی مستقل کمیٹی قائم کرنے اور صحافیوں کے خلاف جرائم سے متعلق خصوصی پراسیکیوٹر کے تقرر، ویلفیئر فنڈ اور انشورنس اسکیم کی سفارش بھی کی ہے۔