14 مارچ ، 2013
لاہور…شیخ وقاص اکرم کی مسلم لیگ نواز میں شمولیت پر اہلسنت والجماعت نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کاہر جگہ مقابلہ کریں گے اور بدعہدی و احسان فراموشی کی سزا انتخابات میں شکست سے دیں گے۔ اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میاں شہباز شریف نے شیخ وقاص اکرم کے ساتھ بیٹھ کر احسان فراموشی کا ثبوت دیا ہے،وہ پانچ سال وزیر اعلیٰ ہماری وجہ سے رہے۔بھکرکے ضمنی الیکشن میں ہم حمایت نہکرتے تو میاں شہباز شریف پانچ سال ایوان سے باہر رہتے۔ہم نے ہمیشہ وزیر اعلی پنجاب کے کہنے پر بھکر،جھنگ،لاہور،فیصل آباد،نارووال ،رحیم یار خان ،مری،ایبٹ آباد،مانسہرہ ،گجرات اور ملک کے دیگر حلقوں میں مسلم لیگ ن کی حمایت کی مگرآج یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ مسلم لیگ ن جھوٹے اور کرپٹ لوگوں کی جماعت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا ہر جگہ مقابلہ کریں گے اور انہیں اس بدعہدی اور احسان فراموشی کی سزا الیکشن میں شکست کی صورت میں دیں گے۔