14 مارچ ، 2013
لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنی شناخت کو بحال کرنے کیلئے اتحادوں کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے، اب اپنے نشان ترازواور اپنے پرچم تلے انتخابات میں جائیں گے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید منور حسن کاکہناتھا کہ محسن قوم ڈاکٹر عبدالقدیرخان کا جماعت اسلامی سے اتحاد جماعت کی قوت میں اضافہ کرے گا۔بھکاری اور کرپشن کے کھلاڑی ملک کی حالت بدلنے کی اہلیت نہیں رکھتے ،چار چار بار اقتدار میں رہنے والے ملک کی حالت سدھارنے کی صلاحیت رکھتے تو آج ہم بحرانوں سے دوچار نہ ہوتے۔سید منور حسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کے لیے کاغذات نامزدگی میں جو ترامیم کی ہیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ اس مسئلے پر ڈٹے رہیں گے اور ملک میں شفاف انتخابات کرا کے عوام کی خواہشات کوپورا کریں گے۔