14 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وہ پہلے جمہوری اندازمیں منتخب ہونے والے وزیراعظم ہیں جوایوان سے رخصت ہوں گے،پیپلز پارٹی کی حکومت نے عدلیہ کو آزاد ،پارلیمنٹ کوسربلند اور الیکشن کمیشن کوانڈپینڈیٹ کرکے دکھایا جبکہ آئین کے سامنے سر جھکایا ہے۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا گوجر خان میں کام سیٹ انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے 124افراد کے ساتھ پانچ سال مکمل کئے ،ملکی تاریخ میں پہلی جمہوری حکومت ہے جو پانچ سال مکمل کررہی ہے اور یہ صبر و تحمل کی وجہ سے ممکن ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کی سیاست کا دور گزر گیا۔ہم نے اللہ کو حاضر کو ناظر جان کر ملک کی خدمت کی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا کوئی مخالف یا دشمن نہیں کیونکہ وہ بھی کسی کے مخالف یا دشمن نہیں۔