18 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے لیاری میں میراں ناکہ کے قریب کارروائی کر کے 3 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان نے کچھ روز قبل عزیز آباد مکا چوک پر کریکر حملہ کیا جبکہ سمن آباد میں حلیم کی دکان پر فائرنگ بھی کی تھی۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لیاری میں میراں ناکہ کے قریب سے 3 ملزمان سید سلیمان عابد، امیر اقبال اور محمد منور عرف گپو کو گرفتار کر کے 3 پستول اور ایک دستی بم برآمد کر لیا۔ فاروق اعوان کے مطابق ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا جبکہ وہ گینگ وار کے ملزم امین بلیدی سے مل کر بھتہ خوری کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے 2 روز قبل عزیز آباد میں مکا چوک پر دستی بم پھینکا جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے، 27فروری کو سمن آباد میں حلیم کی دکان پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک جبکہ ایک کوزخمی کیا۔ دوسری جانب جمعے کی شب بلوچ کالونی سے مقابلے کے بعد گرفتار کئے جانے والے ملزمان کے بارے میں بھی فاروق اعوان نے اہم انکشافات کئے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان راشد اور شاکر کا تعلق وزیرستان کے علاقے وانا سے ہے، ملزمان نے جنداللہ کا نیا گروہ بنایا ہے، جس میں ان کے مزید 4 ساتھی ہیں جو کہ فرار ہیں۔ ملزمان نے نے ڈیفنس میں 2 پولیس اہلکاروں کو اس وجہ سے قتل کیا کہ انہیں شک تھا کہ پولیس اہلکار خفیہ اداروں کو ان کے بارے میں اطلاعات دیتے ہیں۔ ملزمان نے 11 فروری کو گلشن معمار میں سیاسی جماعت کے دفتر پر فائرنگ کر کے 4افراد کو قتل کیا تھا۔ ملزمان نے 23 فروری کو ڈیفنس میں بیٹری کی دکان پر فائرنگ کر کے اس کے مالک کو قتل کیا تھ، ملزمان نے منظور کالونی میں فرنیچر کی دکان پر فائرنگ کر کے 3 افرا د کو زخمی کیا تھا۔