دنیا
03 مارچ ، 2012

امریکا میں آندھی کی تباہی سے 19افراد ہلاک

امریکا میں آندھی کی تباہی سے 19افراد ہلاک

نیویارک… امریکا کی 5 ریاستوں میں بگولوں اور ہوا کے طوفان کی زد میں آکر 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق پانچ امریکی ریاستوں میں قدرتی آفت نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ امریکی ریاستوں میں آنے والی آندھیوں کی رفتار تقریباً ایک سو 70میل فی گھنٹہ ہے جس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے سیکڑوں افراد زخمی ہیں جن میں سے بعض معذورہوگئے ہیں اورہزاروں بے گھربھی ہوچکے ہیں۔ امریکی ریاست انڈیانا میں جھکڑوں اور طوفان سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست ٹینیسی کو بھی جمعے کو دو تباہ کن بگولوں نے نشانہ بنایا جن کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ علاقے میں تیزبرسات، طوفانی ہواوٴں ، ژالہ باری اور بگولوں کے باعث شدید نقصان ہوا ہے۔ حکام نے ریاست انڈیانا اور ٹینیسی کے لیے بھی اسی نوعیت کی وارننگ جاری کی ہیں۔ ریاست الی نوائے کے ایک چھوٹے جنوبی قصبے ہرس برگ میں بگولے سے کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ طوفان کے باعث خریداری کا ایک مرکز اور کئی گھروں سمیت علاقے کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائنیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ ریاست الباما میں گزشتہ روز کے دوران دو طوفانی بگولوں کے باعث کئی گھر تباہ اور ان کے مکین زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وسطی امریکا میں بڑے طوفان کے زیرِ اثر برف باری ہورہی ہے جب کہ میسوری اور کینساس سمیت جنوبی ریاستوں میں موسم شدت اختیار کرگیا ہے۔

مزید خبریں :