22 مارچ ، 2013
کراچی… سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں ارشد پپو کے قاتلوں کی گرفتاری کے حکم کے بعد پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور 18 افراد کو حراست میں لے لیا ، تاہم انتہائی مطلوب ملزم نور محمد عرف بابا لاڈلا اور جبار عرف جینگو کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ذرائع کے مطابق ساوٴتھ زون پولیس نے افشانی گلی اور سنگولین سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے بعد دکھاوے کی اس کارروائی میں پولیس نے افشانی گلی سے 8 افراد کو حراست میں لیا ، دادل ہاوٴس پر بھی چھاپا مارا گیا اور عبدالرحمان ڈکیت کے قریبی عزیز کامران عرف کامی کو گرفتارکرلیا گیا ، پولیس نے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران 18 افراد کو حراست میں لیا جن میں 3 مطلوب ملزمان بھی شامل ہیں، تاہم مرکزی ملزمان بابا لاڈلا اور جبار عرف جینگو کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔