25 مارچ ، 2013
کوئٹہ …بلوچستان میں عام انتخابات کیلئے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ، صوبے کے تیرہ اضلاع انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں،چھ اضلاع میں انتخابات کے دوران فوج کی مددلی جا سکتی ہے۔ بلوچستان حکومت نے گیارہ مئی کو صوبے میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔محکمہ داخلہ بلوچستان نے یوں تو صوبے بھر کیلئے ایک سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے مگر صوبے کے شوزش زدہ علاقوں کیلئے علیحدہ سے مربوط اور جامع سیکورٹی پلان بنایا جارہا ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے کے تیس اضلاع میں 3500پولنگ اسٹیشن ہیں ۔محکمہ داخلہ نے صوبے کے تیرہ اضلاع کو انتہائی حساس، اٹھ اضلاع کو حساس اور نو اضلاع کو نارمل قرار دیا ہے۔ ان اضلاع کے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس ،لیویز اور ایف سی تعینات کی جائے گی۔تاہم چھ اضلاع ایسے ہیں جہاں ضرور ت پڑنے پر فوج تعینات کی جاسکتی ہے۔ الیکشن کے انتظامات اپنی جگہ تاہم صوبائی الیکشن کمیشن نیانکشاف کیا ہے کہ صوبے میں جعلی اور بوگس ووٹوں کے اخراج کے بعد گذشتہ انتخابات کے مقابلے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد میں تقریباً25فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔