25 مارچ ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ کے نو وزراء کو مختلف محکموں کے قلمدان سونپ دیئے گئے۔ وزراء اور ان کے محکموں سے متعلق سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ خیبر پختونخوا کی نو رکنی کابینہ میں شامل نگران وزراء کو قلمدان حوالے کر دیے گئے۔فیاض احمد خان طورو کو محکمہ داخلہ، بین الصوبائی رابطہ کی وزارت سونپ دی گئی۔ ڈاکٹر فرخ سیئر کو صحت، بہبود آبادی اور اعلیٰ تعلیم کے محکمے حوالے کردیئے گئے ۔عبدالروف خان خٹک کو فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، لوکل گورنمنٹ، الیکشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کی وزارت سونپ دی گئی۔محمد یونس مروت کو بجلی و توانائی، آب پاشی اور پبلک ہیلتھ جبکہ محمد اسحاق خٹک کو کمیونیکشن اینڈ ورکس، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی ، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور کے محکمے دے دیئے گئے۔ واحد خاتون وزیرمسرت قدیم کو اطلاعات، تعلیم، زکوةو عشر، سماجی بہبود اور ترقی نسواں کے محکمے سپرد کردئئے گئے۔عمر فاروق خان کو انڈسٹریز، کامرس، فنی تعلیم، افرادی قوت کا وزیر بنادیا گیا۔جہانگیر خان ترین کو زراعت، لایئو سٹاک، خوراک، جبکہ ثمین جان بابر کو کھیل، سیاحت اور ماحولیات کے محکمے تفویض کردیئے گئے۔