26 مارچ ، 2013
جنیوا … بلوچ ری پبلکن پارٹی کے سربراہ برہمداغ بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آیندہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔براہمداغ بگٹی کی سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بلوچستان کے نمایندے مہران مری سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر برہمداغ بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ انتخابی عمل یا سیاست کے خلاف نہیں۔ ان کی بھی سیاسی جماعت ہے اور وہ سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں مگر انھیں انتخابات کی شفافیت پر اعتماد نہیں۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے انھیں غیر قانونی حراست میں رکھنے اور ان پر تشدد کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے بلوچستان میں ہفتے میں تین یا چار بار مسخ شدہ لاش ملتی تھی مگر اب ایسے واقعات روزانہ ہورہے ہیں۔