03 اپریل ، 2013
کراچی…کراچی شرقی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے میں 2 رینجرز اہلکار شہید اور 3 اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز ظل حیدر کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں رینجرز ہیڈ کوارٹر پر کھڑی موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس سے 5 رینجرز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ 2 رینجرز اہلکار راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ بھٹائی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ایک وین تباہ ہوگئی۔ جیو نیوز کے نمائندہ طلحہ ہاشمی کے مطابق رینجرز حکام کے مطابق ملزمان نے رینجرز ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی، ملزمان اور رینجرز اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد دھماکا کیا گیا۔ دھماکے میں 7 رینجرز اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی علاقے میں پہنچ رہا ہے۔ دھماکے کے شدید زخمی افراد کو آغا خان اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔