11 اپریل ، 2013
کراچی …الیکشن ٹریبونل سندھ نے اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کی یاسمین شاہ کے کاغذات کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کردی جبکہ ریٹرننگ افسران کے کئی فیصلوں کو کالعدم قرار دیکر امیدواروں کوانتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل دو رکنی الیکشن ٹریبونل نے فہمیدہ مرزا کی جانب سے یاسمین شاہ کے این اے 225 سے کاغذات کی منظور ی کے خلاف اپیل مسترد کردی، جبکہ فہمیدہ مرزا کی جانب سے پپو شاہ کے کاغذات کی منظوری کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو 16 اپریل کے لئے نوٹس جاری کردئیے۔ٹریبونل نے این اے 241 سے متحدہ قومی موومنٹ کے عبدالحسیب، شاہدبشیر، سید امین الحق، اورعبدالقادر خانزادہ کی نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات منظور کرلئے۔ٹریبونل نے نورین ناز، محمد نعیم، راجہ سلطان عارف، گل حسن، خان محمد سروہی، یوسف رحمان ، حامد حسین اور ارباب علی چانڈیو، ارشاد کمالی، کاظم رضا، اقبال قادری اور سید اظفر کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کالعدم قرار دے دئیے۔ٹریبونل نے عرفان اللہ مروت کے کاغذات کی منظور ی کے خلاف محمد آصف کی درخواست مسترد کردی۔ٹریبونل نے گیارہ امیدواروں کی اپیل پر نوٹس بھی جاری کئے۔