11 اپریل ، 2013
کراچی …اہل سنت والجماعت کراچی کے امیر اور متحدہ دینی محاذ کے مرکزی رہنماء اورنگزیب فاروقی نے حیدرآباد میں سیاسی جماعت کے امیدوار کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے شفاف انتخابات کیلئے تمام امید واروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انتخابی حکمت عملی طے کرنے کیلئے چھ دینی جماعتوں کے انتخابی اتحاد متحدہ دینی محاذ کا اجلاس ہوا جس میں علمائے کرام کے علاوہ کراچی سے انتخابات میں حصہ لینے والے متحدہ دینی محاذ کے امیدواروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ گولی اور گالی کی سیاست کے خاتمے کا عزم لے کر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ،ملک سے قومیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کا خاتمہ چاہتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ اکثریت اور اقلیت کو حقوق قانون کے مطابق ملیں تو کوئی فساد نہیں رہے گا ،اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ متحدہ دینی محاذ نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 8 اور صوبائی اسمبلی کی 25 نشتوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ اور جہاں ضرورت ہوئی دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسمنٹ کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں خون کی ہولی جاری ہے ، سابقہ اتحادی ٹولا ایسے حالات پیدا کررہا ہے کہ شہری آزادانہ طور پر رائے حق دہی استعمال نہ کرسکیں۔