12 اپریل ، 2013
کوئٹہ…نیشنل پارٹی نے اُنیس نکاتی انتخابی منشور کاا علان کردیا ہے، کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہاکہ منشور کے مطابق تمام سیاسی کارکنوں کے مقدمات ختم کیے جائیں گے اورلاپتہ سیاسی کارکنوں کو رہا کرایا جائے گا۔نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صحت ،تعلیم اور مواصلات کے شعبے کو اہمیت دی جائے گی۔ روزگار نہ ملنے کی صورت میں بے روزگاری الاوٴنس دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر کمیشن بھی بنایا جائے گا۔اور سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات ختم کردیئے جائیں گے۔ڈاکٹر عبدالمالک نے بتایا کہ نیشنل پارٹی وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کو منصفانہ بنائے گی۔ فوجی وسول افسران کو نوازی گئی زمینیں کسانوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ تمام قومی وحدتیں اپنے اندرونی معاملات میں مکمل خود مختار ہوں گی۔