پاکستان
16 اپریل ، 2013

انتخابی مہم صرف پنجاب میں ہے،باقی صوبوں میں خوف پھیلایا جارہا ہے ،الطاف حسین

انتخابی مہم صرف پنجاب میں ہے،باقی صوبوں میں خوف پھیلایا جارہا ہے ،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہا ہے کہ اس وقت آزادانہ ماحول میں انتخابی مہم صرف پنجاب میں چل رہی ہے جبکہ ملک کے باقی تین صوبوں میں خوف وہراس پھیلا یا جارہاہے اور دہشت گردی کے واقعات عروج پر ہیں ،ان حالات میں دہشت گردی کا شکار تمام قوتوں کو مل جل کر کوئی لائحہ عمل بنانا ہوگا ۔ الطاف حسین نے یہ بات منگل کی سہ پہراے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے گذشتہ دنوں دہشت گردی کے واقعات میں اے این پی کے ذمہ داروں ا ور کارکنوں کی ہلاکت پر جناب اسفندیار ولی خان سے تعزیت بھی کی جس پر اسفند یارولی نے کہا کہ انہوں نے برملا اس بات کا اظہا رکیا ہے کہ الطاف حسین ہی وہ واحد رہنماء ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے ان واقعات کی کھل کر مذمت کی ہے ۔الطاف حسین نے سردار ثناء اللہ زہری پر حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ پر اپنے اخباری بیان میں ردعمل میں سوال کیا ہے کہ یہ بتادیا جائے کہ کیا صرف پنجاب ہی پاکستان ہے کیونکہ صرف وہاں پر آزادانہ انتخابی مہم چل رہی ہے ، جبکہ باقی تین صوبوں میں بدترین دہشت گردی کی جارہی ہے اور ان صوبوں کے عوام سوتیلی اولاد کی سی زندگی گذار رہے ہیں،انھوں نے اسفندیار ولی سے کہا کہ ہمیں اس صورتحال پر مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی کیونکہ ہماری زندگی تو اب گذر چکی ہے لیکن ہمیں یہ سوچنا ہوگاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کیلئے کیا چھوڑکر جارہے ہیں ۔اسفندیار ولی نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت لبرل مائنڈڈ قوتوں کو اسمبلیوں سے باہر رکھنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ الطاف حسین نے اس موقع پر کراچی میں پختون مہاجر فساد کی سازشوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ جب ہم نے انتہاپسندوں کی دہشت گردی کی مخالفت کی تو اسے پختون دشمنی قرار دیا گیا لیکن ہماری امن اور محبت کی کوششوں سے اب یہ سازشیں ختم ہورہی ہیں اور خود میرے گھر پر پختون روزانہ آتے ہیں اور کراچی کے پختو نوں کا بڑا حصہ ایم کیوایم میں شامل ہے ۔ اسفندیار ولی نے پختون مہاجر فسادکی سازش ختم کرانے میں ایم کیوایم کے کردار کو سراتے ہوئے الطاف حسین سے کہا کہ اب پختونوں کی سمجھ میں یہ سازشیں آچکی ہیں اور اس سلسلہ میں مذید کوئی بھی ضرورت ہوئی تو وہ اس کیلئے حاضر ہیں ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسہ کے قریب خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے بدترین دہشت گردی قراردیتے ہوئے اس کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور اے این پی کے رہنماء وسابق وفاقی وزیرغلام احمد بلوراور ہارون بلور سمیت متعددافرادکے زخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصراپنے مذموم مقاصد کی تکمیل اورحالیہ انتخابی عمل پراثرانداز ہونے کیلئے تسلسل کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ اورعوامی نیشنل پارٹی کودہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے جمہوریت پسندجماعتوں کوہرگز دیوار سے نہیں لگایاجاسکتا۔انھوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے افرادکیلئے مغفرت کی دعاکی۔انھوں نے صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم میرہزارخان کھوسوسمیت حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ بم دھماکے کا فی الفورنوٹس لے۔

مزید خبریں :