16 اپریل ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن سنٹرل میڈیا سیل کے انچارج طارق عظیم کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں بدترین کارکردگی دکھائی اور لوٹ کھسوٹ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ اب وہ حقائق کی غلط اور گمراہ کن تشہیر سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے۔لاہور سے جاری بیان میں طارق عظیم کا کہنا تھا کہ بجائے مسئلہ حل کرنے کے پیپلز پارٹی کے لیڈروں نے رینٹل پروجیکٹ کی صورت میں جیبیں بھریں، بجلی کی پیداوار کے لئے گیس اور کوئلے کی بجائے فرنس آئل پر مکمل طور پر انحصار کیا۔ ذاتی کرپشن کے باعث پیپلز پارٹی لائن لاسز پر قابو پانے میں ناکام رہی۔ سرکلر ڈیٹ کم کرنے کی بجائے توقیر صادق جیسے منظور نظر افراد کو نوازا گیا۔ طارق عظیم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے حبکو پاور پروجیکٹ شروع کیا جس سے عوام کے پیسے کی بچت ہوئی۔