17 اپریل ، 2013
کراچی … مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ میڈیا نے سندھ کے عوام کو ہوشیار کردیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کرنے والا چھپ نہیں سکے گا۔ راجا ہاوٴس کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر صاحب پگارا نے کہا کہ الیکشن قریب ہوگا تو خون خرابہ ہوگا، موجودہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ ایک متنازع شخصیت ہیں اور ان پر زمینوں کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہم نے امیدواروں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات کی ہے، مگر اب بھی کچھ باتیں رہ گئی ہیں۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا مسلم لیگ فنکشنل سے اتحاد قائم و دائم رہے گا، کوشش ہے کہ علی بابا 40 چوروں کے چنگل سے پاکستان کو آزاد کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پیرصاحب کی دعائیں ہیں نوازشریف کے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔