17 اپریل ، 2013
پشاور … پشاور ڈویژن میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انتخابی امیدواروں کے جلسوں کیلئے مقامات مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پشاور میں کمشنر پشاور ڈویژن صاحبزادہ انیس کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور کے ڈپٹی کمشنرز، چیف کیپٹل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی امیدواروں کے سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا گیا اور امیدواروں کے جلسوں کیلئے مقامات مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جن امیدواروں کو خطرہ ہے ان کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔