17 اپریل ، 2013
کوئٹہ …نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے اعلان کیا ہے کہ تحصیل ماشکیل میں زلزلے سے تباہ ہونے والے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ماشکیل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے افراد کی مشکلات اور پریشانیوں سے حکومت بخوبی آگاہ ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، صوبائی حکومت پاک فوج اور ایف سی نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا ہے اور وہ ریلیف کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور صورتحال پر ان کی نظر ہے،انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا اور حقداروں کو ان کا حق ملے گا ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ خالصتاً انسانی مسئلہ ہے جس سے کسی کو سیاسی فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی اشیاء یکساں طور پر متاثرین میں تقسیم کی جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی شکایت نہیں ملنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ جنگی بنیادوں پر جاری ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز کیا جائیگا اور ایرا کے ساتھ مل کر متاثرہ مکانات کی تعمیر نو کی جائیگی۔