17 جنوری ، 2012
کراچی…کراچی بد امنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عدم عمل درآمد کے خلاف مہاجر قومی مومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ آفس نے سماعت کے لئے 24 جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئے۔مہاجر قومی مومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے سپریم کورٹ کے کراچی بد امنی کیس پر دئے جانے فیصلے پر عدم عمل درآمد کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ نو گو ایریا ختم کرنے کے فیصلہ پر عمل درآمد نہیں ہوا، ان کے ایک ہزار سے زائد کارکنان گھر جانا چاہتے ہیں لیکن ان کے علاقے نو گو ایریا بنے ہوئے ہیں اور جو کارکن اپنے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرتا ہے اسے مار دیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے لئے 24 جنوری کی صبح 9 بجے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئے ہیں۔ توہین عدالت کی درخواست میں ہوم سیکریٹری، آئی جی سندھ، اور دیگر پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔