پاکستان
21 اپریل ، 2013

دولاکھ سے زائد آئی ڈی پیز ووٹرز کی فہرستیں الیکشن کمیشن کے حوالے

دولاکھ سے زائد آئی ڈی پیز ووٹرز کی فہرستیں الیکشن کمیشن کے حوالے

پشاور…قبائلی علاقوں میں شورش کے باعث نقل مکانی کرنیوالے دولاکھ سے زیادہ ووٹرز کی فہرستیں نادرا نے الیکشن کمیشن کے حوالے کردی ہیں۔ جن کی تصدیق کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ آئی ڈی پیز کے لئے فوڈسینٹرز کے قریب پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے جائیں گے۔قبائلی علاقوں سے شورش کے باعث نقل مکانی کرنے والے ایک لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ خاندان خیبر پختون خوا کے مختلف آئی ڈی پی کیمپوں ، کرائے کے مکانات اور رشتہ داروں کے ساتھ مقیم ہیں۔فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الیکشن کمیشن کو ورلڈ فوڈ پروگرام کے مختلف سینٹرز سے راشن لینے والے آئی ڈی پیز کے کوائف فراہم کیئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے متعلقہ کوائف جانچ پڑتال اور تصدیق کے لئے نادرا کو فراہم کیئے۔نادرا نے الیکشن کمیشن کو خیبر کرم اور اورکزئی ایجنسیوں کے دولاکھ 68ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کی فہرست فراہم کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی فہرستیں تصدیق کیلئے متعلقہ ایجنسیوں میں کام کرنے والے فیلڈ اسٹاف کو بھیجوا دی ہیں۔تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ یہ ووٹرزگھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں یا بدستور آئی ڈی پیز ہیں۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق کرم خیبر اور اورکزئی ایجنسیوں کے آئی ڈی پیز کے لئے جلوزئی کیمپ اورصوبے میں قائم ورلڈ فوڈ پروگرام کے پندرہ فوڈسینٹرز کے قریب پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے جائیں گے جہاں متاثرین اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔جبکہ جنوبی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے ٹانک میں پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :