پاکستان
18 جنوری ، 2012

قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانیوں کے اغوا کے 4 واقعات ہوئے،وزیر خارجہ

 قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانیوں کے اغوا کے 4 واقعات ہوئے،وزیر خارجہ

اسلام آباد … وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ 3 سال میں قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانیوں کے اغوا کے چار واقعات ہوئے ہیں،حکومت ایسے معاملات میں براہ راست ملوث نہیں ہوتی کیوں کہ قزاق تاوان کی رقم بڑھا دیتے ہیں۔سینیٹ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا جس میں بھارتی اداکار شترو گن سنہا سمیت بھارتی اراکین پارلیمنٹ کے وفد نے بھی شرکت کی۔ بھارتی وفد ایوان میں آیا تو سینیٹر ز نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔سینیٹرز کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے چاہئیں تاہم پروفیسر خورشید کا کہنا تھا کہ کشمیر اور پانی سمیت اہم تنازعات ، دو طرفہ تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ ہیں ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز نے پانچ سال میں ویزوں کے اجراء اور دیگر خدمات پر 13 ارب 36 کروڑ روپے جمع کیے۔ بلوچستان کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مناسب حصہ نہ ملنے پرسینیٹر ہمایوں خان مندوخیل نے سینیٹ سے واک آوٹ کیا اور ایوان کے باہر دھرنا دیا۔اجلاس کے دوران جے یو آئی ف کے قاری محمد عبداللہ نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھایا ،وہ اعظم خان سواتی کے استعفے سے خالی ہونی والی نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔سینیٹ میں ارفع کریم اور خان پور بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ،سینیٹ کا اجلاس اب کل (بدھ کی) شام چار بجے ہوگا۔

مزید خبریں :