25 اپریل ، 2013
ملتان…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سوچی سمجھی سازش کی جارہی ہے تاکہ وہ انتخابی عمل سے باہر ہوجائے۔یہ بات انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کیساتھ جو دہشت گردی کراچی میں کی جارہی ہے وہ زیادہ اہمیت اختیار کرگئی ہے، روزانہ انتخابی مہم کے دوران اپنے ساتھیوں کے جنازے اٹھانا پڑ رہے ہیں،اور کہاں جارہا ہے کہ انتخابی مہم چلائیں۔ ان حالات میں انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتیں جلسے کررہی ہیں، ایم کیو ایم اور اے این پی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، لیکن ان حملوں کے بارے میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت تک نہیں کی جاتی کہ کہیں ان کے انتخابی جلسے خراب نہ ہوجائیں۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ جن دہشت گردوں کو کارروائی پر یہ جماعتیں چپ ہیں، کل انہیں بھی دہشت گرد اپنا نشانہ بناسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کو روکنے کے لئے بااختیار الیکشن نگران حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت، الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس آف پاکستان باقی تین صوبوں میں جاری دہشت گردی کا نوٹس لیں۔