06 مارچ ، 2012
حیدرآباد…عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی ، لاقانونیت اور کاروکاری سمیت دیگر جرائم کے خلاف آٹھ مارچ کو سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ پلیجو ہاوس قاسم آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سارا ملک بھوک، بدحالی، بیروزگاری، بدامنی اور مہنگائی کی زد میں ہے۔حکمران ٹولہ کبھی ریمنڈ ڈیوس، کبھی میمو گیٹ، اور کبھی منصور اعجاز جیسے نان ایشو پیدا کرکے سندھ کے حقیقی اور بنیادی مسائل کو نظر انداز کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت خواتین ،بچوں، اور اقلیتی برادری کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ رنکل کماری کو بازیاب کرایا جائے اور دارالامان بھیجا جائے۔ ہم آٹھ مارچ کو مظاہرے کریں گے۔