06 مارچ ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا کے سینئر وزیربشیر احمد بلور نے ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کی آمد سے پہلے گلیات کو سیاحت کیلئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبہ میں سیاحت کی ترقی کیلئے موثر کارروائی جاری رکھے گی۔سول سیکریٹریٹ پشاورمیں گلیات میں سیاحت کے بارے میں گلیات ترقیاتی ادارہ کے اقدامات سے متعلق اجلاس میں بشیر بلورکو ڈبہ مکول کے سیاحتی مقام پر ایک ہاوٴسنگ کالونی کے قیام سے متعلق دو مختلف کمپنیوں کی طرف سے حالیہ مکمل کردہ سروے کی تفصیلات بھی بتائی گئیں ،بشیر بلور نے گلیات بالخصوص نتھیاگلی کے بازاروں میں تجاوزات ہٹانے کے کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے زیادہ موثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہ عوام کو تفریح و سیاحت کے تمام مواقع مہیا کئے جائے ئیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ وسائل ملازمین کے فوج ظفر موج کی تنخواہوں پر خرچ ہو رہے ہیں، دہشت گردی، آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے باوجود عوام کی تفریح کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ حکومت کی ترقیاتی اسکیمیں بھی ہماری انہی کوششوں کا حصہ ہیں۔