02 مئی ، 2013
اسلام آباد…بھارتی قیدی سر بجیت سنگھ کی موت پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ سربجیت سنگھ کو بہترین طبی علاج مہیا کیاگیا ، ڈاکٹرز نے اس کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قیدی سربجیت سنگھ جنہیں 26 اپریل کو ان کے قیدی ساتھیوں نے ایک جھگڑے میں زخمی کردیا تھا ، آج صبح جناح اسپتال لاہور میں چل بسے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سر بجیت سنگھ مسلسل کومہ کی حالت میں تھا ، اور اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ سر بجیت سنگھ کو جناح اسپتال لا ہور میں تمام مہیا بہترین طبی امداد فراہم کی گئی ، ڈاکٹر ز نے اس کی جان بچانے کی سر توڑ کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دل کے دورے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت نے اس بدقسمت واقعہ سے اب تک سربجیت کے خاندان اور بھارتی ہائی کمیشن سے بھر پور تعاون کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سربجیت کی لاش جلد از جلد بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کرنے کیلئے ضابطے کی کاروائی کی جارہی ہے۔