02 مئی ، 2013
کوئٹہ…کوئٹہ چمن شاہراہ پریارو کے قریب مسافر ویگن اور مزدا ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثہ کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر پشین کے علاقے یارو کے قریب پیش آیا جہاں چمن سے کوئٹہ جانے والے مسافر ویگن اور مزدا ٹرک میں تصادم ہوگیا ، ٹریفک حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے جس میں دو خواتین اور ایک دو سال کا بچہ بھی شامل ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں ، حادثے کے بعد زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو سول اسپتال پشین منتقل کر دیا گیا، لیویز نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ۔