02 مئی ، 2013
اسلام آباد … نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام اہم سیاستدانوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ انتہائی حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات بھی لی جائیں گی، فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر ہوگی۔ وزارت اطلاعات نے بتایا کہ انتخابات کے دوران ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ نگراں وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے خلاف پروپیگنڈا روکنے کیلئے موٴثر اقدامات کئے جائیں۔