02 مئی ، 2013
اسلام آباد … عام انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے 70 ہزار جوانوں کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا جو پورے ملک میں 5 مئی تک مکمل ہو جائے گا، بلوچستان کے اکثر علاقوں میں فوج تعینات کردی گئی جہاں آج رات تک یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ عام انتخابات کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو سول حکومت کی معاونت کیلئے طلب کیا گیا ہے، کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا عمل کل سے شروع کیا جائے گا۔ عام انتخابات کیلئے فوج کی تعیناتی پورے ملک میں 5 مئی تک مکمل کر لی جائے گی، فاٹا میں انتخابات کے حوالے سے فوج کی تعیناتی کا الگ سے پلان بنایا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق عام انتخابات کی نگرانی الیکشن کمیشن ہی کرے گا، پاک فوج کو بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کی نگرانی، بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز کی ترسیل سمیت سیکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز مکمل حفاظت کے ساتھ ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران پاک فوج کے ہمراہ الیکشن کمیشن کا اسٹاف بھی ہو گا، الیکشن کے دوران سیکیورٹی کی نگرانی کیلئے ایک سیل بنایا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ الیکشن کے حوالے سے فوج کا مینڈیٹ امن عامہ کا قیام ہے بلوچستان اور دور دراز علاقوں کیلئے 50 ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کئے جائیں گے۔