پاکستان
02 مئی ، 2013

پرویز مشرف غداری کیس: سماعت پیر تک ملتوی

پرویز مشرف غداری کیس: سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد … پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے غداری کے مقدمے کے بارے میں بینچ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ اہم ہے، لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کہتے ہیں کہ بینچ ابراہیم ستی کی درخواست پر تشکیل دیا گیا، مقدمہ پرویز مشرف کی نہیں بلکہ آرٹیکل 6 کے نفاذ کی وجہ سے اہم ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے کہا کہ مقدمہ کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے، تمام قانونی تقاضے پورے کرکے غیرجانبدارانہ فیصلہ ہونا چاہئے۔ قمر افضل ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ تعصب کے حوالے سے نکتہ نہ اٹھاتے، ان کے موکل پشاور ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی کے حوالے سے گئے، ان پر تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی لگا دی گئی۔ پرویز مشرف اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کیلئے گئے تو انہیں گرفتار کرا دیا گیا۔ عدالتی کارروائی کے حوالے سے ہلکا سا تاثر بھی بہت اہم ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ آپ کے موکل کو اعتماد ہو یا نہ ہو، ہم انصاف کو یقینی بنائیں گے، مزید سماعت پیر کو ہو گی۔

مزید خبریں :