07 مارچ ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی نے پلاننگ کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ کرم تنگی ڈیم کے لیے آئندہ ترقیاتی بجٹ میں زیادہ مالی وسائل رکھے جائیں۔ذیلی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں سینیٹر زاہد خان کی زیر صدارت ہوا، واپڈا حکام نے کمیٹی کو بتایاکہ کرم تنگی ڈیم سے 83 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی اور3 لاکھ، 62 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ اس منصوبے کے لیے دس کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ دیگر کم رفتار منصوبوں سے 10 کروڑ روپے کا اضافی بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ سینیٹر زاہد خان نے کہاکہ عوام کو سستی بجلی دینے کے لیے ہائیڈل منصوبوں کو ترجیح دینی چاہیئے، پلاننگ کمیشن حکام نے بتایاکہ انہیں اس منصوبے کے لیے فنڈز دینے پر اعتراض نہیں لیکن وزارت پانی وبجلی جو مانگے گی وہی فنڈز ہی دیے جائیں گے۔ ذیلی کمیٹی نے منصوبے کے لیے رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 34 کروڑ روپے اضافی جاری کرنے کی سفارش کر رکھی ہے۔