18 جنوری ، 2012
اسلام آباد … اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ خالدنعیم لودھی کی سیکریٹری دفاع عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر صدر،وزیراعظم اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔ خالدنعیم لودھی نے سیکریٹری دفاع کے عہدے سے اپنی برطرفی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ، اس میں صدر اور وزیراعظم کے ساتھ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور قائم مقام سیکریٹری دفاع کو فریق بنایاگیا ہے، ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض خان نے اسکی ابتدائی سماعت کی خالدنعیم لودھی کے وکیل نے آج عدالت میں موقف اختیارکیاکہ برطرفی کا نوٹی فکیشن منسوخ کیا جاناچاہیئے، عدالت نے کہاکہ فریقین کو سنے بغیر ایسا نہیں کیا جاسکتا، بعد میں فریقین سے فروری کے دوسرے ہفتے تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔