پاکستان
09 مئی ، 2013

سنگین غداری ایکٹ کو سب پر یکساں لاگو کیا جائے، مشرف کی درخواست

سنگین غداری ایکٹ کو سب پر یکساں لاگو کیا جائے، مشرف کی درخواست

اسلام آباد…سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی ہے کہ انہوں نے تین نومبر کا اقدام وزیراعظم ، کابینہ ، مسلح افواج کے سربراہوں اور دیگر سے مشاورت کے بعد سوچ سمجھ کر اٹھایا، آئین کو پامال کرنے میں معاونت کرنے والے بھی آرٹیکل 6 کے زُمرے میں آتے ہیں، 1973 کے سنگین غداری ایکٹ کو سب پر یکساں لاگو کیا جائے ۔پرویز مشرف نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ تین نومبر 2007 کا اقدام وزیراعظم اور کابینہ کی ایڈوائس پر اٹھایا گیا، وہ بطور صدر وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنے کے پابند تھے۔ انہوں نے کبھی مارشل نہیں لگایا، اور نہ ہی کبھی آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کی ، ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ قصہ ماضی بن چکا ہے ، پرویز مشرف نے کہا کہ1973 کے سنگین غداری ایکٹ کو سب پر یکساں لاگو کیا جائے اور تمام سیاستدان ، مسلح افواج کے ارکان ، ججز ، بیوروکریٹس کے خلاف بھی آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ کے وقت پاک فوج کے سربراہ تھے ، آئین کا آرٹیکل 199 تھری کسی بھی فوجی کے خلاف کارروائی پر قدغن لگاتا ہے ، لہٰذا ان پر آئین کے آرٹیکل 6 اور غداری کے ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :