09 مئی ، 2013
اسلام آباد…ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت سے ڈیورنڈ لائن پر کوئی بات نہیں کی جائے گی، یہ ایک طے شدہ معاملہ ہے، گرسل پوسٹ پاکستانی علاقے میں ہے، جو 2004 میں بنائی گئی تھی۔دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈیورنڈ لائن کا معاملہ اٹھانے کا مطلب افغان سیکورٹی سمیت خطے کی صورت حال سے توجہ ہٹانا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بیلسٹک میزائل ڈیفنس پروگرام سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو گا، پاکستان میں انتخابات کا جائزہ لینے اب تک 355 غیر ملکی مبصرین آ چکے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت میں 47 پاکستانی قیدی ایسے ہیں جو اپنی سزا پوری کر چکے ہیں جن کی حالت پر تشویش ہے، کانگو میں یواین امن فوج میں خدمات سرانجام دینے والے ایک پاکستانی فوجی کو شہید کر دیا گیا۔