پاکستان
09 مئی ، 2013

عوام 11 مئی کو گھروں سے نکل کر ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں، الطاف حسین

عوام 11 مئی کو گھروں سے نکل کر ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں، الطاف حسین

کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی جمہوریت میں ہی ہے لہٰذاعوام 11مئی کوگھروں سے نکلیں، جسے چاہیں ووٹ دیں مگر ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔ الطاف حسین نے قوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ ایک مذہبی انتہاء پسند دہشت گرد گروپ نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں اپنے پیغام میں باقاعدہ اعلان کیا کہ جمہوریت کفر ہے اور الیکشن میں ووٹ ڈالنا بھی کفر ہے، ہم جمہوریت پسند اور لبرل قوتوں کو الیکشن میں حصہ لینے نہیں دیں نگے، اس انتہاء پسند گروپ نے ایم کیو ایم، اے این پی اور پیپلزپارٹی کا باقاعدہ نام لیکرانہیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا، تینوں جماعتوں کے رہنماوٴں، امیدواروں اور کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، دفاتر پر بموں سے حملے کئے گئے، جس کاسلسلہ اب بھی جاری ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم سرکار دو عالم ﷺ اور بزرگان دین اور اولیائے کرام کے صدقے اللہ تعالیٰ سے مدد اور تائید کے طلبگار ہیں، دہشت گرد عناصر کے تمام بزدلانہ حملو ں کے باوجود ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں، ہمارا عزم ہے کہ تمام تر دہشت گردیوں، پریشانیوں اور رکاوٹوں کے باوجود انتخابات میں حصہ ضرور لیں گے اور انتہاء پسند قوتوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جرأت و بہادری کے ساتھ ڈٹے رہیں اور تمام ترحالات کا جرأت و ہمت کے ساتھ مقابلہ کریں اور 11 مئی کو علی الصباح پولنگ اسٹیشن جاکر اپنا ووٹ استعمال کریں، میں عوام سے کہتا ہوں کہ وہ جسے چاہیں ووٹ دیں لیکن اپنا ووٹ ضرور کاسٹ کریں کیونکہ پاکستان کی بقاء و سلامتی جمہوریت ہی میں ہے۔ اپنے پیغام میں انہو ں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کی جانب گامزن کرے اور یہ اسی وقت ہوسکتاہے کہ ہم جمہوری عمل جاری رکھیں اور جمہوری عمل میں آنے والی رکاوٹوں کا مردانہ وار مقابلہ کریں۔

مزید خبریں :