پاکستان
10 مئی ، 2013

عمران، نواز، فضل الرحمان سمیت کئی رہنما ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن لڑینگے

عمران، نواز، فضل الرحمان سمیت کئی رہنما ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن لڑینگے

کراچی … پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے کئی رہنما ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سب سے آگے ہیں وہ 4 حلقوں سے الیکشن انتخابات میں حصہ لیں گے، جمشید دستی 2 حلقوں سے الیکشن لڑنے والے واحد آزاد امیدوار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان این اے 1 پشاور ، این اے 55 راولپنڈی ، این اے 71 میانوالی اور این اے 126 لاہور سے انتخابات لڑیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں این اے 27 لکی مروت ، این اے 25 ٹانک اور این اے 24 ڈیرہ اسماعیل خان میں قسمت آزمائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف 2 حلقوں این اے 68 سرگودھا اور این اے 120 لاہور سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے چوہدری نثار علی خان حلقہ این اے 52 اور این اے 53 راولپنڈی سے، مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الٰہی این اے 61 چکوال اور این اے 105 گجرات سے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے نبیل گبول این اے 246 اور این اے 248 کراچی سے ، پیپلز پارٹی کی فردوس عاشق اعوان این اے 110 اور این اے 111 سیالکوٹ، مرحوم قاضی حسین احمد کے بیٹے آصف لقمان قاضی این اے 5 نوشہرہ اور پی کے 14 نوشہرہ جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی حلقہ این اے 9 مردان اور پی کے 23 مردان سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ آزاد امید واروں میں جمشید دستی 2 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے والے واحد امیدوار ہیں، وہ این اے 177 اور این اے 178 مظفر گڑھ سے قسمت آزما رہے ہیں۔

مزید خبریں :