پاکستان
10 مئی ، 2013

سندھ میں موبائل سروس بند کرکے نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا

سندھ میں موبائل سروس بند کرکے نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا

اسلام آباد … عام انتخابات سے صرف چند گھنٹے قبل نگراں حکومت کی ایک اور بوکھلاہٹ نے نہ صرف موبائل فون کمپنیوں بلکہ اندرون بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی چکرا دیا، حکومت نے پہلے سندھ بھر میں موبائل فون سروسز بند اور اگلی ہی سانس میں واپس لینے کا متنازعہ فیصلہ کیا۔11مئی کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے صرف ووٹر ہی نہیں بلکہ الیکشن کرانے کی نگراں حکومت بھی ذہنی انتشار کا شکار نظر آتی ہے، جیونیوز کے سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ نوٹی فکیشنز میں نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل نے شام چھ بج کر 50 منٹ پر پی ٹی اے کو احکامات دیئے کہ 11 مئی کو پولنگ کے روز کراچی سمیت سندھ بھر میں موبائل فون سروس اور پی ٹی سی ایل کی وی سروس جمعے کی شام 7 بجے سے ہفتے کی شام 5 بجے تک بند رہے گی، اس پر عمل درآمد کیلئے پی ٹی اے نے تمام موبائل فون کمپنیوں کو سروسزمعطل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے، میڈیا پر خبر چلنے کے چند منٹ کے بعد ہی وزارت داخلہ کے اسی سیل نے اپنے ہی احکامات اور پی ٹی اے نے بھی اپنا نوٹی فکیشن واپس لے لیا، عوام کے ساتھ اتنا بڑا مذاق کیوں کیاگیا جب اس کی وجوہات کا جیونیوز نے پتہ لگایا تو حقیقت واضح ہوئی کہ کہ عوام کو میسر ٹیلے کام سروسزبند کرنے کا مطلوبہ قانونی میکانزم اختیار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وزیر داخلہ ،الیکشن کمیشن یا دیگر اہم اداروں کو اعتماد میں لیا گیا۔ اس سوال کا جواب لینے کیلئے پی ٹی اے کے ڈی جی سجاد لطیف سے رابطہ کیاگیاتو ان کا کہناتھاکہ پہلے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل نے موبائل فون سروس معطل کرنے کا کہا بعد میں سروسز بند کرنے سے روک دیا۔ وزیر داخلہ ملک حبیب نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ موبائل فون سروس بند کرنے کا اختیار صرف انہیں کو ہے اور انہوں نے سروس معطل کرنے کے احکامات جاری نہیں کئے اور نہ ہی انہیں اس سلسلے میں کوئی اطلاع ہے، تاہم اس سنگین کوتاہی پر تحقیقات ضرور ہوں گی۔

مزید خبریں :