08 مارچ ، 2012
اسلام آباد… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس میں آج ان کی گواہ اور سیکریٹری کابینہ نرگس سیٹھی کے خلاف اٹارنی جنرل جرح کریں گے۔ گذشتہ روز نرگس سیٹھی نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جب کہ وزارت قانون کی دو سمریاں بھی بطور شہادت سپریم کورٹ میں پیش کیں ۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بینچ کے روبرو اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کے دفاع میں دستاویزات براہ راست پیش کیں تو عدالتی اعتراض پر سپریم کورٹ آفس میں جمع کرانا پڑیں ۔ اس دوران سماعت آدھ گھنٹہ ملتوی رہی اور پھر دوبارہ شروع ہوئی تو اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کی گواہ نرگس سیٹھی کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مختلف سوالات کیے۔عدالت کہتی رہی کہ یہ آپ کی گواہ ہیں ، قانوناً آپ ان پر جرح نہیں کرسکتے ۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا وہ جرح نہیں کر رہے لیکن کئی مواقع پر خود ہی کہہ گئے کہ عدالت ان کا سوال پورا ہونے دے ، جرح کا تسلسل ٹوٹ جاتا ہے جس پر عدالت میں زوردار قہقہہ لگا۔عدالت نے کہا وہ بعد میں فیصلہ کرے گی کہ اعتزاز احسن کے کون سے سوالات قانونی طور پر قابل قبول ہیں اور کون سے نہیں ۔