16 مئی ، 2013
کراچی … فنگشنل لیگ کے رہنما جام مدد علی کا کہنا ہے کہ سانگھڑ میں ان کے انتخابی حلقے پی ایس 81 میں بدترین دھاندلی کرکے نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جام مدد علی نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران ان کے حلقے میں کھلے عام جعلی ووٹ ڈالے گئے اور کئی پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح افراد کا راج رہا ۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں جس حلقے سے 11 ہزار ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوا، آج وہیں سے ہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس 81 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار نااہل ہیں اور سپریم کورٹ سے اسٹے آرڈر پر انتخابات میں حصہ لیا، جب تک مخالف امیدوار کو اہل قرار دینے کا فیصلہ عدالت سے نہیں آجاتا اس وقت تک نتیجے کا اعلان نہ کیا جائے ۔