16 مئی ، 2013
اسلام آباد … وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نادرا کے ذریعے فنگر پرنٹس کی تصدیق ہوسکتی ہے، تاہم اس طریقے سے ووٹوں کی 100 فیصد درست تصدیق ممکن نہیں ہوگی۔ سینیٹ کمیٹی نے سیکیورٹی امور پر بریفنگ کیلئے سندھ اور بلوچستان کے آئی جیز کو طلب کرلیا ہے۔ اسلام آباد میں سینیٹر فتح محمد حسنی کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس کو ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ مصباح نے بتایا کہ فنگر پرنٹس کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کے طریقے میں غلطیوں کا احتمال موجود ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر فتح محمد حسنی نے کہا کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی۔ فتح محمد حسنی اور شاہی سید نے نادرا کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کامطالبہ کیا۔