21 مئی ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاسپورٹ لیمی نیشن پیپرز کنٹریکٹ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، ڈی جی پاسپورٹ ذوالفقار چیمہ کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے افسران کے کہنے پر سائیکل پنکچر لگانے والوں کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں پاسپورٹ لیمی نیشن پیپرز کنٹریکٹ کیس کی سماعت ہوئی، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ذوالفقار چیمہ نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ کرپٹ اور ٹاؤٹ مافیا پاسپورٹ تیاری کیلئے 25 ہزار روپے تک رشوت وصول کرتے رہے ،وزارت داخلہ کے افسران کے کہنے پر سائیکل پنکچر لگانے والوں کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے،غیر مجاز افراد کے بلیو پاسپورٹ منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے، ذوالفقار چیمہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک ایک کمپنی کو لیمی نیشن پیپر کا کنٹریکٹ دینے پر تلے ہوئے تھے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کیا،انہوں نے ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر کو گھر بلا کر من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی ہدایت کی۔