21 مئی ، 2013
کراچی …سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے نوشہرو فیروز کے حلقہ این اے 211 کے2008کے الیکشن میں امیدوار مرتضیٰ جتوئی کی جعلی ڈگری اور دھاندلی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی ۔جسٹس نثار احمد شیخ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل نے تیرہ مارچ دوہزار تیرہ کو مرتضیٰ جتوئی کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار بیہن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ذوالفقار بیہن نے2008 کے انتخابات میں نیشنل پیپلز پارٹی کے رہنماء مرتضیٰ جتوئی کی ڈگری جعلی ہونے اور پولنگ میں دھاندلی کے الزامات عائد کئے تھے۔عدالت کے حکم پر سندھ یونیورسٹی اور الیکشن کمیشن نے تمام ریکارڈ اور بیلٹ پیپرز منگوا کر جانچ پڑتال بھی کرائی ۔عدالت کو اس الیکشن پٹیشن نمٹانے میں مختلف وجوہات کی بناء پر پانچ سال کا عرصہ لگا۔