08 مارچ ، 2012
کراچی…کراچی میں جاری اسنوکر چمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد سجاد عالمی چمپئن ایران کے حسین وفائی کے خلاف کچھ بد قسمت رہے انتہائی سنسنی خیز مقابلہ ایک موقع پر تین۔ تین فریمز سے برابر تھا۔پھر محمد سجاد نے دو فریمز جیت کر پانچ۔ تین کی برتری حاصل کرلی۔لیکن اس کے بعد قسمت سجاد سے روٹھ گئی،نواں فریم تو ہارے ہی تھے دسویں فریم میں بھی برتری حاصل کرنے کے بعد آسان ریڈ پوٹ نہ کر سکے اور فریم بھی گنوا بیٹھے،فیصلہ کن فریم میں بھی حسین وفائی نے انہیں مہلت ہی نہ دی اور میچ چھ پانچ فریم سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔دوسرے سیمی فائنل میں قومی کھلاڑی محمد آصف تھائی لینڈ کے تھیپ چایا کیخلاف آصف آف کلر دکھائی دیے، تھائی کیوئسٹ نے ابتدائی پانچ فریمز جیت کر نفسیاتی برتری حاصل کرلی، پھر محمد آصف نے چھٹا اور ساتواں فریم ضرور جیتا لیکن میچ نہ جیت سکے،ساتویں فریم میں انہوں نے ایونٹ کا سب سے بڑا ایک سو چھتیس کا بریک بھی کھیلا،، لیکن آٹھواں فریم آخری ثابت ہوا۔اور تھیپ چایا نے چھ دو سے کامیابی کے ساتھ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا،حسین وفائی اور تھیپ چایا کے درمیان فائنل کل صبح گیارہ بجے شروع ہو گا ، پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔