09 مارچ ، 2012
ڈیلس … راجہ زاہد اختر خانزادہ … پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کی مرکزی صدر فوزیہ قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دروازے ہرکسی کیلئے کھلے ہوئے ہیں جس کو بند نہیں کیا جاسکتا تاہم انتخابات کے موقع پر ٹکٹ ان ہی افراد کو دیئے جائیں گے جن کا ماضی صاف اور شفاف ہوگا۔ وہ ڈیلس میں پارٹی رہنما اور معروف معالج ڈاکٹر محمد طارق کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں، فوزیہ قصوری نے کہا کہ عمران خان کا ماضی صاف اور شفاف ہے، کئی ملین ڈالروں کے پروجیکٹ کینسر اسپتال اور تعلیمی اداروں کا قیام کو ملنے والا پیسہ صاف اور شفاف طریقے سے استعمال ہوا لہٰذا آئندہ بھی کارکنوں کو امید رکھنی چاہئے کہ اگر ہمیں حکومت کرنے کا موقع ملا تو ایسا ہی ہوگا ۔ فوزیہ قصوری سے اس موقع پر کارکنان نے مختلف پارٹیوں سے سیاستدانوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان اعتماد رکھیں، صرف بے داغ ماضی رکھنے والے سیاستدانوں کو ہی ٹکٹ دیئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ اوورسیز میں رہنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل گیا ہے اور آئندہ انتخابات میں90فیصد اوورسیز ووٹ عمران خان کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیلاب زدگان کیلئے امریکہ میں فنڈ اکھٹے کئے جارہے تھے تو عمران خان نے دو روز میں دو ملین ڈالرز سے زائد کے فنڈز جمع کئے جبکہ سرکاری طور پر وزیراعظم فنڈ 20یا30 ہزار ڈالروں سے زیادہ جمع نہ ہوسکا۔ اس موقع پر تحریک انصاف ویمن ونگ ڈیلس کی صدر سیدہ نیرہ بخاری، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر نصراللہ خان، سلمان عابدی ودیگر نے بڑی تعداد میں شریک تھی۔