25 مئی ، 2013
اسلام آباد…آزار امیدواروں کے لیے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا آج آخری دن ہے،جس کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیز میں حتمی پارٹی پوزیشن سامنے آجائے گی،اور اسی تناسب سے سیاسی جماعتوں کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستیں60 ہیں اور اقلیتوں کے لیے مختص نشستوں کی تعداد 10 ہے۔ یہ نشستیں سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں جیتی گئی جنرل نشستوں کے تناسب سے ملیں گی۔ قومی اسمبلی کی کل 272نشستوں میں سے پنجاب کی کل جنرل نشستیں 148 ہیں ، اس صوبے میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد35ہے۔ قومی اسمبلی میں سندھ کی جنرل نشستیں 61 ہیں اور صوبے میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد14 ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوامیں قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں ہیں 35 اورخواتین کے لیے مخصوص ہیں 8۔ قومی اسمبلی کی بلوچستان میں جنرل نشستوں کی تعداد 14 ہیاورخواتین کے لیے 3نشستیں مختص ہیں۔پنجاب کی 148 جنرل نشستوں کو خواتین کی مخصوص 35 نشستوں کی تعداد سے تقسیم کر دیا جائے گا،جو جواب آئے گا ، اسے سیاسی جماعتوں کی اسمبلی میں نشستوں کے ساتھ تقسیم کیاجائیگااوریوں اس جماعت کامخصوص نشستوں میں حصہ سامنے آجائے گا۔ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10مخصوص نشستیں ہیں۔یہ نشستیں ایوان زیریں کی مجموعی جنرل نشستوں 2 سو72 پر تقسیم کر کے پارٹیز کا حصہ نکال لیا جائے گا۔پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 66 اور اقلیتوں کی 8،سندھ اسمبلی میں خواتین کی 29 اور اقلیتوں کی 9،خیبر پختونخوا میں خواتین کی 22 اور اقلیتوں کی 3 جبکہ بلوچستان میں خواتین کی 11 اور اقلیتوں کی 3 مخصوص نشستیں ہیں،یہاں بھی نشستوں کی تقسیم اسی فارمولے کے تحت کی جائے گی۔