09 مارچ ، 2012
ڈونیڈن…ڈونیڈن ٹیسٹ میں کیلس اور اسمتھ کی شاندار سنچریوں کے باعث جنوبی افریقا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 268 رنز بنالیے، اس طرح اسے نیوزی لینڈ کیخلاف مجموعی طور پر 273 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ آج میزبان ٹیم نے 243 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی اور 40 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 273 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ باؤلٹ نے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کو دوسری اننگز کی ابتدا ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 47 کے مجموعی اسکور پر پیٹرسن اور ہاشم آملہ پویلین واپس لوٹ گئے تاہم تیسری وکٹ کی شراکت میں اسمتھ اور کیلس نے 200 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، اسمتھ 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کیلس 107 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ تینوں وکٹیں بریسویل کے حصے میں آئیں۔