01 جون ، 2013
اسلام آباد…میاں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں چودھری نثار علی خان اور احسن اقبال نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر بنانے کی مخالفت جبکہ اسحاق ڈار اور خواجہ آصف نے حمایت کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے پختونخواہ میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو پارلیمنٹ ہاوٴس میں ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی بننے کی آخری پیشکش کی تاہم انہوں نے یہ کہہ کر معذرت کر لی کہ میاں صاحب! آپ سے دوستی رکھنا چاہتا ہوں ، اس امتحان میں نہ ڈالیں۔اس کے بعد پنجاب ہاوٴس اسلام آباد میں میاں نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ چودھری نثار اور احسن اقبال نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر بنانے کی مخالفت کرتے کہا کہ ان کا ریلوے کا بہت تجربہ ہے ،اسی شعبے میں خدمات لی جائیں ، وزیر اعظم اور اسپیکر دونوں لاہور سے ہوں گے تو بھی اچھا تاثر نہیں جائے گا۔اسحاق ڈار اور خواجہ آصف نے ایاز صادق کو اسپیکر بنانے کی حمایت کرتے کہا کہ ملک مسلم لیگ ن نے چلانا ہے ، وزیر اعظم اور اسپیکر لاہور سے بنانے کا تاثر وقت کے ساتھ زائل ہو جائے گا۔ پھر میاں نواز شریف نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر نامزد کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔