04 جون ، 2013
پشاور…خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے قومی تعمیر کے صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دس دنوں میں اپنے متعلقہ محکموں میں کرپشن اور کمیشن کے خاتمہ اور کام کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے موثر لائحہ عمل وضع کر کے انہیں پیش کریں۔ یہ ہدایات خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ایریگیشن کے انتظامی سربراہوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تعمیراتی کاموں میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کریں گے اور نہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایسا نظام ترتیب دیں جس میں تعمیراتی کاموں میں کمیشن لینے اور دینے کے تمام راستے بند ہو ں۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں بہتری اور مثبت تبدیلی لانے کے عمل میں کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔