04 جون ، 2013
کراچی …او لیولز کے امتحانات دوبارہ لینے کے اعلان پر کراچی کے کئی اسکولوں کے طلبا نے احتجاج کیا ہے۔جیونیوز کے رپورٹر محمد عرفان کے مطابق برٹش کونسل کی جانب سے پرچے آوٹ ہونے کے باعث او لیولز کے امتحانات دوبارہ لینے کے اعلان کے بعد نجی اسکول کے باہر طلبا اور والدین کا احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ اس مو قع پرطلباء کا کہنا ہے کہ انہوں نے مئی میں او لیولز کے امتحانات دیئے تھے لیکن اچانک برٹش کونسل کی جانب سے ایک مرتبہ پھر امتحانات لینے کے اعلان نے انہیں پریشان کردیا ہے جس کی وجہ سے ان کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔اس موقع پر طلباء کے والدین کا کہنا تھا کہ 17 دن قبل او لیول کے امتحانات ختم ہوگئے لیکن اچانک دوبارہ امتحانات لینے کا اعلان کردیا ہے، ہمارے بچے ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ برٹش کونسل کی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان سے باہر پرچے آوٹ ہوئے اور خمیازہ صرف پاکستانی بچوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ملک بھر میں گزشتہ ماہ اولیولز کے امتحانات ہوچکے ہیں لیکن بیرون ملک اولیولز کے پرچے آوٴٹ ہونے کے باعث برٹش کونسل نے پاکستان میں 13اور 14جون کو دوبارہ پرچے لینے کا اعلان کیا ہے۔