07 جون ، 2013
لاہور…آئی ایس آئی کے سابق سربراہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل حمید گل کا کہنا ہے کہ طالبان کے حوالے سے پاکستان کے پاس کئی پتے ہیں ، امریکہ کے پاس ایک بھی نہیں، دیکھنا یہ ہے کہ نوازشریف ان پتوں کو کیسے کھیلتے ہیں۔ لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمید گل نے کہا کہ طالبان کے ایشو پر امریکہ کو خوش کرنا نوازشریف کیلئے مشکل ٹاسک ہوگا ، طالبان کے حوالے سے امریکہ کے پاس ایک بھی پتا نہیں جبکہ پاکستان کے پاس کئی ہیں ، دیکھنا یہ ہے کہ نوازشریف یہ پتے کیسے کھیلتے ہیں ، اُن کا کہناتھاکہ سعودی عرب طالبان کو مین اسٹریم میں لانے کے لیے شاید کو ئی مدد نہ کرسکے ، امریکہ پاکستان کا دوست تھا نہ کبھی ہوگا ، 2014میں اسے افغانستان سے واپسی کا محفوظ راستہ ملنا مشکل ہے۔